اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا ہے کہ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا اور نہ یہ دونوں ملزم ہیں۔
سپریم کورٹ میں 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جاری ہے تاہم سابق صدر آصف زرداری تاحال پیش نہیں ہوئے، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ہر شخص کا اپنا وقار اور حرمت ہے، کسی کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے، ایسا حکم نہیں دیں گے جس سے کسی کا حق متاثر ہو۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا ہم نے نہیں کہا، پھر ان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا، آصف زرداری اور فریال تالپور ملزم نہیں، عدالت نے صرف ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہنا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کیا ہم نے آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، اعتزاز احسن نے پریس بریفنگ کی، عدالت نے پیرا گراف نمبر 4 کے ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، پیرا گراف 4 میں صرف ملزمان کے نام ہیں، اگر عدالتی حکم میں ابہام تھا تو عدالت سے رجوع کر لیتے۔
سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نجف مرزا کو تبدیل کرنے کی استدعا کی جس کو عدالت نے مسترد کردیا، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کرپشن ہوئی ہے تو سامنے آنی چاہیے، نجف مرزا کو تبدیل نہیں کریں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ تحقیق کرنا چاہتے ہیں کہ 35 ارب کے بوگس بنک اکاؤنٹ کیوں کھولے گئے، زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ کروڑ کس نے ڈالا، اگر ڈیڑھ کروڑ رقم کے ذرائع لیگل ہیں تو بتا دیں، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ایف آئی اے صاف شفاف تحقیقات کرے، صاف شفاف تحقیقات سے ہٹ کر ہمارا کوئی مقصد نہیں۔
The post آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم نہیں دیا، چیف جسٹس appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2KOMqjt
via IFTTT


0 Comments