لاہور: تھانہ گجر پورہ پولیس نے ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کے الزام میں میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

لاہور کے علاقے گجر پورہ میں 11 سالہ معصوم بچی سمیرا کو مالکان نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان گرم استری سے اس کے جسم کو داغا جس کے نتیجے میں اسے گہرے زخم آئے۔

بچی کسی نہ کسی طرح ان کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئی تو پڑوسیوں نے اسے دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عبداللہ اور حنا کو گرفتار کرلیا۔

متاثرہ ملازمہ سمیرا کو خواجہ سعید اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی اور اس کی حفاظت کے لیے پولیس نفری بھی تعینات کردی گئی۔ ڈی آئی جی پولیس بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ گجر پورہ پہنچے جبکہ ملزمان کے خلاف بچی پر تشدد کا مقدمہ درج مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

متاثرہ سمیرا کا کہنا ہے کہ 6 سال قبل والدین اسے ملازمت کے لیے اس گھر میں چھوڑ گئے تھے، جس کے بعد دوبارہ کبھی اس سے ملنے یا لینے نہیں آئے۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ بچی روتے ہوئے ہمارے گھر آئی تو ڈری سہمی تھی اور حالت بہت خراب تھی۔ متاثرہ بچی نے وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

The post لاہور میں کمسن ملازمہ کو استری سے داغنے پر میاں بیوی گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2D6fte5
via IFTTT