لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے اور فالودے والے سے بڑا مال نکلنے والا ہے ۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران این آراو لینے کی کوشش کررہے ہیں، اللہ کوگواہ بنا کرکہتا ہوں کہ شہبازشریف، نوازشریف سے بڑا چورہے، یہ لوگ اتنے کرپٹ ہیں کہ ان کی کرپشن کی بدبو پورے برصغیرمیں پھیل جائے گی، ملک میں کرپشن کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے، نیب یہاں کیا کررہی ہے، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں موجود ریلوے کراسنگزکی وجہ سے زمینوں کی قیمت بڑھی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میرا لیول خواجہ سعد رفیق والا نہیں، میرا لیول پاناما والا تھا اوروہ بول رہا ہے، 4 انجنوں کی قیمت کتنی ہے اوراسے کتنے میں خریدا گیا، اس حوالے سے دل چاہتا ہے کہ جنیوا کی عدالت میں کیس کروں، چین میں جا کرحقائق کا علم ہوا، شہبازشریف کا داماد علی عمران چینی کمپنیوں کا ممبر نکلا ہے، چین کا دورہ توقع سے زیادہ کامیاب رہا، چین پاکستان کا ہردور کا دوست ہے۔ وزیرداخلہ اور وزیراطلاعات کا کام دھرنوں کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے، ختم نبوت کا محافظ ہوں اوررہوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ نئے سال میں کرپٹ سیاستدانوں کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں، سیاست میں نئے چہرے طلوع ہوں گے، سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے، فالودے والے سے بڑا مال نکلنے والا ہے، فالودے والے کے اکاؤنٹ بتائیں گے کہ کون کون مستفید ہوا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے تمام اسکول، اسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کرچکے ہیں، زندگی میں پہلی دفعہ احساس ہوا کہ پاکستان میں کتنی غربت اور بے روزگاری کا سمندر ہے۔ انہوں نے کہا جس علاقے کی بھرتی ہوگی اسی علاقے کو ترجیحی نوکری دی جائے گی، گینگ مین کی پوسٹ کے لئے ایم اے پاس نوجوانوں نے اپلائی کیا، ملتان ایکسپریس جلد شروع کی جا رہی ہے، این ایل ون کے حوالے سے اگلے ہفتے چین سے مذاکرات کا دورشروع ہو گا، سندھ اور رحمان بابا ایکسپریس کو چلانے کی تاریخوں کا جلد اعلان کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹریکنگ سسٹم کو ایکٹو کررہے ہیں، نجی شعبہ 7 کروڑ مانگ رہا ہے لیکن ریلوے کے اندر ہی اسے 30 لاکھ میں بنائے گا، ٹریکنگ سسٹم سے ٹرین کو مانیٹر کیا جا سکے گا۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی ملازم کی ٹرانسفرپوسٹنگ سے میرا کوئی تعلق نہیں میں صرف کام لینا جانتا ہوں، رائل پام کنٹری کلب سے تمام واجبات واپس لئے جائیں گے، 400 ملازمین کی مدت ملازمت میں اضافہ کیا، 10 سال سے ریٹائرڈ ہونے کے باوجود نوکری پررہنے والوں کو جانا ہوگا۔
The post سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے، شیخ رشید appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2FfLBO8
via IFTTT
0 Comments