Subscribe Us

header ads

کابل، مشتعل افغان شہریوں کا پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے پر مشتعل افغان شہریوں نے دھاوا بول دیا، مشتعل افراد جلد اورفوری ویزہ جاری کرنے کا مطالبہ کررہے تھے، افغان سیکیورٹی فورسز نے مشتعل افراد کو منتشرکردیا ۔ ایسے واقعات کا رونما ہونا دراصل سفارتی آداب کے منافی ہے لیکن نہ جانے اس طرح کا طرز عمل کیوں اختیارکیا جاتاہے۔افغانستان کے لیے پاکستان نے کونسی ایسی قربانی ہے جو نہیں دی ہے؟ اب بھی افغانستان کی معیشت اور اقتصادی سرگرمیاں ، پاکستان کے سہارے چل رہی ہیں ۔

سفارتی ذرایع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانہ روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار ویزے جاری کرتا ہے جس کے لیے سفارتی عملہ دن و رات تندہی سے کام کرتا ہے ۔شمال میں افغانستان سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ساتھ ملنے والی سرحدکی لمبائی بہت زیادہ طویل ہے۔

افغانستان اور پاکستان کی سرحدکے دونوں اطراف میں پشتون لاکھوں ،کروڑوں کی تعداد میں آباد ہیں اور 1980 تک جب تک سوویت یونین کی فوجیں افغانستان میں داخل نہیں ہوئی تھیں، اس وقت تک خانہ بدوشوں کے علاوہ عام لوگوں کی آمدورفت میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں تھی، مگر رفتہ رفتہ حالات خراب ہوتے گئے اور یہ حالات نہ صرف مقامی طور پر خراب ہوئے بلکہ عالمی سطح پر بھی مسائل پیدا ہونے لگے، جس کی وجہ سے سرحدوں پرخاردار باڑ یا دیواریں قائم کرچکے ہیں۔

پاکستان میں جاری دہشتگردی کے ڈانڈے ہمیشہ افغانستان سے ملے ہیں،وہاں پر دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ہیں جنھیں کابل حکومت ختم کرنے میں قطعی طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ لہذا اگر پاکستان اپنے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے ایسا اقدامات اٹھاتا ہے تو یہ اس کا حق ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو اپنا پڑوسی ، برادراسلامی ملک جانا ہے اورہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، ہمیشہ منفی پہلوؤں پر توجہ دینے کے بجائے امن ومصالحت کے عمل کی حمایت کی ہے۔

پاکستانی قائدین نے بھی اعتماد سازی اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے افغانستان کے کئی دورے کیے ہیں۔پاکستان نے افغانستان کی اقتصادی ترقی اور قیام امن کے لیے تعاون بہت کچھ کیا ہے، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ افغانستان کی طرف سے ہمیں کبھی ٹھنڈی ہوا کا جھونکا نہیں آیا ہے ۔

افغان باشندوں کو بھی صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، ویزہ کے اجرا میں رش کے باعث تھوڑی تاخیرکو بہانہ بنا کر ہنگامہ آرائی کرنا کہاں کی عقلمندی ہے؟ پاکستان اور افغانستان کا مفاد ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔ افغانستان کی حکومت کو سفارتی آداب کا لازمی خیال رکھنا چاہیے۔

The post کابل، مشتعل افغان شہریوں کا پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2WCbHD2
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments