Subscribe Us

header ads

انگلینڈ کا سرد موسم اور بارش

’’ارے آج تم چائے پی رہے ہو‘‘ ٹاؤنٹن کے میڈیا سینٹر میں جب سینئر صحافی عبدالماجد بھٹی نے مجھ سے یہ کہا تو میں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا’’ماجد بھائی کیا کروں سردی بہت ہے‘‘۔

واقعی یہاں موسم بڑا سرد اور بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہم کراچی والوں کو تو اس کی بالکل بھی عادت نہیں ہے، شاید ہی کسی ورلڈکپ کے اتنے میچز بارش کی نذر ہوئے ہوں جتنے اس بار ہو چکے، اب تک ٹیمیں نہیں موسم جیت رہا ہے، انگلینڈ کو ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم کا اعتماد بھی آسمان کو چھونے لگا تھا مگر سری لنکا سے میچ بارش کی نذر ہونے سے ایک قیمتی پوائنٹ ضائع ہوگیا۔

اب آسٹریلیا سے مقابلے میں بھی موسم کی مداخلت کا امکان ہے، لندن سے ٹاؤنٹن اگر آنا ہو تو ٹرین میں 2 گھنٹے لگتے ہیں، راستے بھر خوبصورت مناظر دیکھنے کا موقع ملتا ہے، میں نے سفر کیلیے یہی طریقہ استعمال کیا تھا، پیر کو تو پلیئرز نے بھرپورٹریننگ کی تھی مگر منگل کے روز ایسا نہ ہوسکا، رات بھربارش کی وجہ سے گراؤنڈ گیلا ہو گیا اور گراؤنڈ اسٹاف نے کھلاڑیوں کو ہدایت کر دی کہ آنے کی زحمت نہ کریں۔

کپتان سرفراز احمد کو پریس کانفرنس کرنا تھی، ان سمیت 5 کھلاڑیوں نے کاؤنٹی گراؤنڈ کا رخ کیا اور انڈور سیشن تک محدود رہے، میڈیا سے بات چیت کے بعد سرفراز پاکستانی صحافیوں سے علیک سلیک کیلیے رک گئے، میں نے انھیں کراچی کا گرم موسم یاد دلایا تو کہنے لگے واقعی یہاں بہت زیادہ سردی ہے۔

ٹاؤنٹن میں میچ والے دن بھی بارش کی پیشگوئی ہے، البتہ اس کے باوجود شائقین یہاں آنے کا پلان بنا چکے ہیں، میں نے برسٹل میں بھی دیکھا کہ کس طرح برطانیہ میں مقیم پاکستانی اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے دور دور سے آتے ہیں، یہاں بھی ایسا ہی ہوگا،کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ وطن سے دور ہی وطن سے محبت کا اصل احساس ہوتا ہے۔ پاکستانی ٹیم ٹاؤنٹن سے کچھ مسافت پر واقع ایک ہوٹل میں مقیم ہے، کھلاڑی اکثر اپنے دوستوں کے ساتھ ڈنر وغیرہ کیلیے بھی جاتے ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق اب بھی یہیں ہیں،گذشتہ دنوں وہ نیٹ سیشن میں کھلاڑیوں سے مشاورت کرتے رہے، وہ اکثر درس دینے مختلف مقامات پر بھی جاتے ہیں، ابھی ایونٹ کے بہت میچز باقی ہیں لہذا سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کرنا ممکن نہیں، البتہ امید یہی ہے کہ پاکستانی ٹیم عمدہ پرفارم کرے گی۔

The post انگلینڈ کا سرد موسم اور بارش appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2F1fOxO
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments