Subscribe Us

header ads

کراچی میں طوفانی بارش

ملک کے طول وارض میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو بھاری جانی ومالی نقصانات کا سبب بن رہا ہے۔کراچی اور سندھ میں بھی بھارتی ریاست راجستھان سے مون سون سسٹم داخل ہونے سے سندھ بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے۔کراچی میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ اگلے دوروزتک جاری رہے گا۔شہر میں بارش سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کے باوجود گندے نالوں کی صفائی نہیں کی جا سکی ہے۔ حیدر آباد میں بھی مون سون کی بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے،کراچی میں ہزاروں گاڑیاں چھوٹی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک جام میں پھنس گئی ہیں،کیونکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور پانی کا نکاسی کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ انتہائی خراب صورتحال ہے کراچی شہر کی۔

جامشورو میں تین گھنٹے سے مسلسل بارش نے ہرطرف جل تھل کردیا ہے۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ ضلع بھرکے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ، ٹنڈوالہٰ یارمیں بھی موسلادھاربارش کاسلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں رات سے ہی بجلی معطل ہے۔

سندھ کے میدانی علاقوں میں آج اور کل مزید بارشوں کا امکان ہے۔کراچی میں ہونے والی حالیہ بارش نے حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیاہے، شہریوں نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے۔

حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے ساتھ ساتھ شہر کی پہلے سے ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مزید ٹوٹ پھوٹ گئیں، بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث بیشتر علاقوں میں سڑکیں اور سیوریج کی لائنیں دھنس گئیں۔حکومت سندھ کا ادارہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جو پہلے ہی شہر میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکا ہے، بارش کے موقع پر بھی ناکام رہا۔جب کراچی میں تیز بارش ہوئی تو کراچی کے بلدیاتی اداروں سمیت حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات کا کوئی اہلکار سڑکوں پر نظر نہ آیا۔

دوسری جانب ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں برسات کے باعث حادثات میں دو افراد جان سے گئے۔ آزاد کشمیرکی وادی نیلم میں لیسوا سیلاب میں بہہ جانیوالی ایک خاتون کی لاش مل گئی۔ دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ 54 ہزار کیوسک کا ریلا چناب پل سے گزر رہا ہے جب کہ قادرآباد سے 90 ہزارکیوسک کا ریلا چنیوٹ کی جانب بڑھنے لگا۔دریائے چناب کے مسلسل کٹاؤ کی وجہ سے محمود پور نامی بستی صفحہ ہستی سے مٹ گئی۔ جھنگ میں دریائے چناب میں سیلابی ریلا آج پہنچے گا ۔ حافظ آباد اور مضافات میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔

سرگودھا کے نواحی چک 134 میں بارش کے باعث دیوارگرنے سے ملبے تلے دب کر دو کمسن بھائی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔جہلم ، کامونکی ، فاروق آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔کوہ سلیمان پر حالیہ بارشوں سے راجن پور کے نالوں میں طغیانی کے باعث انتظامیہ نے فلڈ کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔ جب کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔لاہورکے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

کراچی میں مسلسل جاری رہنے والی بارش کے باعث بجلی کی عدم فراہمی نے رحمت کو زحمت بنا دیا۔ شہر کے متعدد علاقے کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی سے محروم رہے۔ ہلکی اور تیز بارش کے باعث شہر میں کہیں پانی اورکہیں کیچڑ جمع ہوگیا، بارش میں کئی علاقوں میں موٹر سائیکلیں بھی سلپ ہوئیں۔موسلا دھار بارشوں میں شہرکو سیلابی صورت حال سے بچانے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شہر کے نالوں کی صفائی کا عمل بھی جاری تھا  لیکن وہ تاحال مکمل نہیں کیا جاسکا تھا۔بارش سے کراچی کے شہریوں کے مسائل میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

شہر پہلے ہی کچرا کنڈی بنا ہوا ہے چہ جائیکہ بارش کے ہونے سے جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، بدبو دارگیسیں،جراثیم اور حشرات الارض پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔ عید قربان کی آمد آمد ہے ، لاکھوں جانور بھی ذبح کیے جائیںگے اور ان کی آلائشیں اٹھانے کے لیے بھی انتظامات کی فوری پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے۔کراچی میں فضائی آلودگی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیار سے چارگنا زیادہ ہے۔کراچی کا جو حال اس بارش میں ہوا ہے، وہ اس حقیقت کو عیاںکرتا ہے کہ یہ شہر لاوارث اوراس کا کوئی پرسان حال نہیں۔

The post کراچی میں طوفانی بارش appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2YaitRi
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments