Subscribe Us

header ads

ماحول اور انسان دوست فیصلہ

محکمہ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کے تھیلوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کردیا، پابندی کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر سے ہوگا،جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں پلاسٹک کے تھیلوں کو (شاپنگ بیگز) بندکروانے کا عزم کرلیا ہے۔

یہ انتہائی صائب فیصلہ ہے،کیونکہ پلاسٹک کے تھیلے یا پولیتھین بیگ کو عالمی سطح پربھی ناقابل استعمال قراردیا جا چکا ہے،کیونکہ ان کی وجہ سے ہم کئی بیماریوں اور مسائل کا شکار ہو رہے ہیں لیکن اس کا متبادل ذریعہ دریافت نہ کرنے کی وجہ سے اب یہ ہمارے معاشرے کا لازمی جز بن چکا ہے۔

ہمارے یہاں شہرکراچی میں ندی اور نالے اورگٹرلائن ان ہی پلاسٹک شاپنگ بیگزکی وجہ سے بند رہتے ہیں اور بارش ہونے کی صورت میں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔ پولی تھین بیگز میں استعمال کیے جانے والے رنگ بھی مضرصحت ہوتے ہیں، جن کے برے اثرات ہماری صحت کو متاثرکرتے ہیں، اگر ان لفافوں اور بیگ کو جلایا جائے تو ان کا دھواں ہوا کو زہرآلودہ کردیتا ہے۔

یہ دھواں ہماری آنکھوں ،جلد اور نظام تنفس پر بری طرح سے اثر انداز ہوتا ہے اور یہی دھواں سردرد کا موجب بھی بنتا ہے جوکہ جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے۔پلاسٹک اور پولی تھین اپنے ضرر رساں، مضر صحت اور انتہائی نقصان دہ اثرات سے انسانی زندگی، حیوانات و نباتات، چرند پرند اور ہمارے پورے ماحول کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچارکررہے ہیں۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ’’پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جو خواتین میں ایک بیماری پیدا کرتا ہے جس سے ان کے ہاں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگتے ہیں اور قبل از وقت پیدائش بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس کے علاوہ ایسے بچے ذہنی و جسمانی معذوری کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔‘‘

بنگلہ دیش میں 1988 اور 1998 میں آنے والا تباہ کن سیلاب کا ایک اہم سبب ان بیگزکو قرار دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ملک کا ڈرینج سسٹم فیل ہوگیا اور سیلابی کیفیت پیدا ہوئی۔کھانے پینے کی اشیاء میں پلاسٹک بیگز کا بڑھتا ہوا استعمال کینسر سمیت دیگر موذی امراض کا باعث بن رہا ہے۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہمیں پلاسٹک بیگ کے بجائے کپڑے کے بیگ کے استعمال کے رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو متوقع بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔اس موذی اور ضرر رساں شے کے خلاف جہاں حکومت کو اپنے فرائض نبھانا ہوں گے، وہیں ہم سب کو اس نقصان دہ عادت کوترک کر کے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔

The post ماحول اور انسان دوست فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Tqqn3C
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments