Subscribe Us

header ads

10 فروری سے انسداد پولیو مہم چلانے کا اعلان

کراچی: کراچی میں انسداد پولیو مہم 10 فروری سے شروع ہوگی، مہم کے تحت کراچی کے 23 لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ برائے پولیو کے مطابق کراچی میں انسدادِ پولیو مہم 10 فروری سے 17 فروری تک کراچی کے 6 اضلاع میں جاری رہے گی، مہم کے تحت کراچی کے پانچ سال سے کم عمر 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے  قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 13000 سے زائد کارکنان اور سپروائزر حصہ لیں گے اور 5000 پولیس اہلکار ان پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرینگے جو گھر گھر جاکر اسکولوں کے بچوں کو زندگی بچانے والی ویکسین فراہم کریں گی۔

حکومت کا مقصد 2019 میں پولیو کے لئے ایک مشکل سال کے بعد جون 2020 تک لگاتار مہمات کا آغاز کرنا ہے، ای او سی نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں، شہر بھر میں 30 سے زائد اسپتال ، 60 پیڈیاٹرک کلینک اور ای پی آئی سینٹر پولیو ویکسین کا انتظام بھی کریں گے۔

ای او سی نے تمام کراچی کے ضلعی افسران سے ملاقات بھی کی، پولیو ویکسینیشن گھر گھر جاکر اور اسکولوں میں بھی چلائی جائے گی،17 فروری سے 23 فروری تک سندھ کے دیگر اضلاع میں مہم چلائی جائے گی جس میں پانچ سال سے کم عمر 67 لاکھ سے زائد بچے مہم کا ہدف ہیں۔

انسداد پولیو سیل نے والدین سے مہم میں ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے انھیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ سندھ سمیت ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوسکے۔

انسداد پولیو سیل کے ترجمان کے مطابق آنے والی مہمات کے انعقاد کے لیے بھی پوری طرح پرعزم ہیں تاہم سندھ بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی معمول کی کوریج میں اضافے کے لیے بھی اقدام کیے جارہے ہیں۔

ہاشمانی گروپ آف ہاسپٹلرز مائیکروبیالوجسٹ ڈاکٹر سیدہ صدف کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیو وائرس آلودہ پانی اور غذا سے منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے، اور کمزور اور مدافعتی نظام والے افراد کو متاثر کرتا ہے، غذائیت میں کمی کا شکار، قطرے پلانے سے والدین کے انکار اور پولیو ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں پر پانچ سال کی عمر کے بعد بھی پولیو وائرس حملہ آور ہوتا ہے جبکہ ایسے بچے جو حفاظتی ٹیکوں کا کورس پورا نہیں کرتے ان میں بھی پولیو کے مرض کا امکان موجود رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی پولیو کے مرض سے متعلق شعور اور آگاہی کی ضرورت ہے، بروقت ویکسین اور حفاظتی تدابیر ہی اس مرض سے بچا سکتے ہیں، والدین میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ پولیو ویکسین ہی ان کے بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کا واحد ذریعہ ہے جبکہ صحت مند غذا اور صاف پانی کے استعمال سے بھی بچوں کو پولیو وائرس سے بچایا جاسکتا ہے۔

 

The post 10 فروری سے انسداد پولیو مہم چلانے کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/39mnpDJ
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments