Subscribe Us

header ads

پی ایس ایل کرکٹ میلہ

کرکٹ لوٹ آئی ہے پاکستان میں ایک دہائی بعد ، شائقین کرکٹ کے چہرے کھل اٹھے ہیں، اہل وطن کے لیے پاکستان سپر لیگ فائیوکا انعقاد تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا ہے۔ اس بار لیگ کے تمام میچز پاکستان ہی میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹ کا میلہ سج گیا ہے، جو ایک ماہ تک جاری رہے گا، دنیائے کرکٹ کے معروف کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں ، جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں خوف ودہشت کی فضا دم توڑ چکی ہے۔ اب غیر ملکی آزادانہ وطن عزیز میں آرہے ہیں اور خوب انجوائے بھی کر رہے ہیں۔ کرکٹ کے ویران میدان اب آباد ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روزکراچی میں ہونے والی پر وقار، دلفریب ، دلنشین تقریب مدتوں یاد رکھی جائے گی۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغازکراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔

اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش وجذبہ قابل دید تھا، شائقین کرکٹ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب انتہائی دلفریب تھی اور رنگ وروشنی کا ایسا سیلاب تھا اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ قوس قزح کے سارے رنگ اسٹیڈیم میں اتر آئے ہیں۔ اسٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک وڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظرکشی کی گئی تھی۔

اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی انتہائی پراعتماد لہجے میں کہہ رہے تھے کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پورا ایچ بی ایل، پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہوگا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچزکا انعقاد ہوگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اپنے سفر کا اختتام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے انعقاد کے ساتھ کیا تھا اور آج اس سفر کا دوبارہ آغاز پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے کر رہے ہیں۔

دریں اثناء کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل فائیوکا افتتاحی میچ جیت لیا۔ بلاشبہ پاکستان کرکٹ بورڈ ، صوبائی ووفاقی حکومتیں، سندھ رینجرز سمیت تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پر، بلاشبہ پاکستان  میں کرکٹ کی بحالی کے لیے سب ہی نے مل جل کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

The post پی ایس ایل کرکٹ میلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2vTiqMv
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments