لاہور: مال بردار چنگ چی رکشوں کی وجہ سے گدھوں کی اہمیت دن بدن کم ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے مالکان اپنے گدھے بیچنے پر مجبور ہیں۔
لاہور میں راوی کنارے فرخ آباد کے علاقے میں ہراتوار کو گدھوں کی منڈی سجائی جاتی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں سے گدھے یہاں لائے جاتے ہیں اور پھر ان کی خرید و فروخت ہوتی ہے. منڈی میں ہر اتوار کو 200 سے 250 تک مختلف اقسام کے گدھے خرید و فروخت کے لئے لائے جاتے ہیں۔
لاہورکے قریب یہ منڈی غیرقانونی طورپرسجائی جاتی ہے، ذرائع کے مطابق یہاں مختلف علاقوں سے چوری کئے گئے گدھے بھی فروخت کے لئے لائے جاتے ہیں۔

گدھے بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ مال بردارچنگ چی رکشوں کی وجہ سے ان کا روزگارختم ہوگیا ہے، ان کے لئے گدھوں کے چارے کے اخراجات اٹھانا بھی مشکل ہوچکا ہے، گدھا گاڑی چلاکر اب گھرکا چولہا نہیں جلایا جاسکتا، اس لیے اب وہ گدھا گاڑی بیچ کر قسطوں پر مال برداررکشہ خریدیں گے۔
مرید کے سے گدھا بیچنے آنے والے فقیرمحمد کا کہنا تھا کہ چنگ چی رکشوں نے تانگے کا کلچر ختم کردیا تھا اب مال بردار رکشوں نے گدھا گاڑی کی چھٹی کروادی ہے، ان کے بقول گدھا گاڑی سست سواری ہے جو تیز رفتار زمانے کا مقابلہ نہیں کرسکی۔

گدھا خریدنے آنے والے ایک شخص نورمحمد نے بتایا گدھوں کی قیمتیں انتہائی کم ہوگئی ہیں ایک سال پہلے تک جو گدھا 70 سے 80 ہزار روپے میں ملتا تھا اب 30 سے 40 ہزار روپے میں مل جاتا ہے، گدھا گاڑیوں والے مجبور ہوکر انہیں بیچ رہے ہیں، گدھوں کا استعمال اب صرف دیہات میں ہی رہ گیا ہے جہاں کسان کھیتوں سے مویشیوں کا چارہ لانے کے لئے انہیں استعمال کرتے ہیں، کھیتوں میں چونکہ مال بردار رکشے نہیں جاسکتے اس لئے وہاں اب بھی گدھے استعمال کئے جارہے ہیں۔
گدھوں کے بیوپاری نے بتایا کہ گدھوں کی کھالیں چین بھیجے جانے کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا لیکن اب وہ کام بھی ٹھنڈا پڑچکا ہے، انہوں نے کہا یہ الزام غلط ہے کہ قصاب گدھے ذبح کرکے لوگوں کو کھلاتے رہے ہیں۔
The post مال بردارچنگ چی رکشوں کی وجہ سے گدھوں کی اہمیت میں کمی ہونے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2xNqAnR
via IFTTT


0 Comments