اقوام متحدہ نے مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی عدالت میں سماعت کے دوران ہونے والی موت کی فوری اور مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثنا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مزید آگے بڑھتے ہوئے محمد مرسی کی مقدمے کی کارروائی کے دوران ہونے والی موت کو ’’قتل عمد‘‘ قرار دیتے ہوئے، اس کی فوراً غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مقدمے کی کارروائی کے دوران سابق صدر زمین پر گر پڑے اور تقریبا بیس منٹ تک زمین پر ہی پڑے رہے جن پر حکام نے کوئی توجہ نہ دی اور نہ ان کی مدد کی کوئی کوشش کی۔
اسی وجہ سے میں کہتا ہوں کہ وہ فوت نہیں ہوئے ہیں بلکہ انھیں قتل کیا گیا ہے۔ ترک صدر نے اس خیال کا اظہار استنبول میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے معاملات کے ہائی کمشنر کے ترجمان روپرٹ ولیولے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حراست میں کسی بھی حادثاتی موت کے بعد ایک خود مختار ادارے کی جانب سے موت کی وجوہات کو واضح کرنے کے لیے فوری طور پر منصفانہ اور مکمل طور پر شفاف جانچ ہونی چاہیے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق مصری صدر محمد مرسی کی سیاسی جماعت اخوان المسلمین کے سیاسی بازو دی فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے ان کی موت کو قتل قرار دیدیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سابق صدر محمد مرسی کی موت کا الزام مصر کے ’غاصبوں‘ پر عائد کیا جب کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد ال ثانی نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، حقوق انسانی کی عالم گیر تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے سابق صدر مرسی کو چھ سال تک قیدِ تنہائی میں رکھا گیا جس نے ان کے دماغ اور جسمانی حالت پر قابلِ ذکر اثر ڈالا۔
ڈاکٹر محمد مرسی کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس پر حکومت مصر نے اقوام متحدہ پر محمد مرسی کی وفات کو ’’سیاسی رنگ‘‘ دینے کا الزام لگا دیا،مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حفیظ نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر روپرٹ کولویلے کی جانب سے محمد مرسی کی وفات کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’’یہ طبعی موت کو جان بوجھ کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش ہے‘‘ روپرٹ کولویلے نے گزشتہ روز مطالبہ کیا تھا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ محمد مرسی کو تقریبا چھ سال سے گرفتاری کے دوران کن حالات میں قید رکھا گیا اور ان حالات نے ان کی موت میں کیا کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی گرفتاری کے دوران موت فوری طور پر غیر جانبدار اور آزاد تحقیقات کا تقاضا کرتی ہے تا کہ موت کے اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔
The post محمد مرسی کی موت کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2ZDmEBE
via IFTTT
0 Comments