Subscribe Us

header ads

جاپان میں 9 ہرن پلاسٹک شاپر بیگز کھانے سے ہلاک

پلاسٹک مصنوعات کے نقصانات کی کہانیاں کچھ عرصہ سے عالمی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔ پانی میں حل ہونے سے قاصر اس پلاسٹک کی زیادہ تباہ کاریاں سمندروں‘ دریاؤں اور جھیلوں وغیرہ میں ہو رہی ہیں لیکن خشکی پر بھی پلاسٹک کی تباہ کاریاں کم نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبر کے مطابق جو انگریزی زبان کے ایک موقر معاصر کے بین الاقوامی خبروں کے صفحہ پر شایع ہوئی ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ جاپان میں 9 ہرن پلاسٹک بیگز کھانے سے ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ جاپان کے معروف نارا پارک میں وقوع پذیر ہوا جس کی اطلاع ایک وائلڈ لائف گروپ نے دی ہے، اس گروپ کا تعلق ہرنوں کے تحفظ کی فاؤنڈیشن سے ہے۔ اس گروپ نے بتایا ہے کہ پارک میں آنے والے لوگ کھانے پینے والی چیزیں جو باالعموم پلاسٹک کے لفافوں میں ہوتی ہیں کھانے کے بعد لفافے پارک میں رکھے گئے کچرہ ڈبوں کے بجائے زمین پر پھینک دیتے ہیں جنھیں بعض اوقات ہرن بھوک لگنے کے باعث کھا لیتے ہیں اور چونکہ یہ ان کے معدے میں ہضم نہیں ہو سکتے، اس لیے بالآخر معصوم بے زبان جانور اپنی جان سے گزر گئے۔

ان کے پیٹ سے بھاری مقدار میں پلاسٹک کا کچرا برآمد ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ پلاسٹک خوری کے یہ واقعات اس سال 2019ء میں مارچ سے جون کے دوران ہوئے ۔ بتایا گیا ہے کہ مرنے والے ایک ہرن کے معدے سے ساڑھے چار کلو گرام کے لگ بھگ پلاسٹک کچرا نکلا ، یہ مقدار اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں کو بہت  حیرت ہوئی۔

جاپان کے پرانے شہر میں واقع اس خوبصورت پارک میں ایک ہزار سے زیادہ ہرن موجود ہیں اور لوگوں کو اس بات سے منع کر دیا جاتا ہے کہ ہرنوں کو کچھ کھلائیں پلائیں نہ۔ مگر ان میں سے بہت سے ہرن کھانے پینے کی تلاش میں باہر سڑکوں پر بھی نکل جاتے ہیں جنھیں سیاحوں کی طرف سے ان کے من پسند چپس یا دوسری مزے دار چیزیں وغیرہ کھانے کو ملتی ہیں۔

پارک کے محافظوں کے مطابق اگرچہ ہرنوں کو سیاحوں کی طرف سے کچھ کھلانا پلانا منع ہے اور ہرن بھی پارک میں اوگی ہوئی گھاس اور پتیاں وغیرہ کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں تاہم وہ چپس وغیرہ کے پلاسٹک کے لفافوں کو بھی کھانے کی چیز سمجھ کر نگل لیتے ہیں جس کا انھیں نقصان ہوتا ہے۔

پارک کے محافظوں کے مطابق اس بے احتیاطی میں اضافہ حالیہ عرصہ میں نظر آیا ہے جب سیاحوں کی تعداد میں خاصہ اضافہ ہو گیا ہے اور یہ سیاح لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلاسٹک کے خالی لفافے زمین پر گرا دیتے ہیں جنھیں ہرن یا کوئی اور جانور کھانے والی چیز سمجھ کر کھا لیتے ہیں۔

اس قسم کے واقعات خود ہمارے ارد گرد بھی نظر آتے ہیں جب کوئی بلی یا کتا کوئی پلاسٹک شاپر گوشت وغیرہ کے کسی ٹکڑے کی وجہ سے نگل لیتا ہے تو پھر الٹیاں کرتا پھرتا ہے ، اسی طرح ہمارے ہاں پالتوجانور جن گائے ، بھینس اور گھوڑا بکری وغیرہ شامل ہیں ، وہ بھی کئی بار پلاسٹک بیگز کھانے کی وجہ سے موت کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔

ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے سمندروں میں روزانہ ہزاروں، لاکھوں ٹن پلاسٹک کچرا جانے انجانے میں پھینکا جاتا ہے۔ جاپان کی نارا ڈیئر پارک کے بارے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2017ء میں اس جاپانی پارک میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زاہد سیاح آئے جب کہ پارک میں رکھے گئے بارہ سو ہرنوں کی قومی خزانے کی حیثیت سے حفاظت کی جاتی ہے۔

The post جاپان میں 9 ہرن پلاسٹک شاپر بیگز کھانے سے ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2NPdoJo
via IFTTT

Post a Comment

0 Comments