وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں، دنیا سنجیدگی سے بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت پر توجہ دے، جس طرح جرمنی پر نازیوں نے قبضہ کیا تھا بالکل اسی طرح بھارت پر ہندو برتری کی خواہش مند انتہا پسند اور نسل پرست نظریات سے قائل مودی حکومت قابض ہے۔
انھوں نے کہا یہ مسئلہ صرف خطے کو ہی نہیں پوری دنیا کو متاثرکرے گا، بھارت میں 40 لاکھ مسلمان کیمپوں میں قید ہیں، 40 لاکھ مسلمان اپنی شہریت منسوخ کرا چکے ہیں، اب یہ جن بوتل سے باہر آچکا ہے دنیا کونوٹس لینا چاہیے۔
وزیراعظم کا بیان عالمی برادری کے لیے ویک اپ کال ہے ۔بھارت کی جارحانہ پالیسیوں میں روز بروز شدت آرہی ہے، بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر گولہ باری کے باعث 2 معمر شہری شہید ہوچکے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دو بھارتی فوجی ہلاک جب کہ چیک پوسٹوں کو نقصان پہنچا۔
اسی جنگجویانہ حکمت عملی کے طور پر بھارت پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک بڑے عقوبت خانے میں بدلنے کی سازش کررہا ہے، مودی کے مذموم عزائم پھیلتے جارہے ہیں اور وہ پاکستان کو کئی بے بنیاد،گھناؤنے اور مکروہ منصوبوں میں الجھا کر عالمی قوتوں کو کشمیر کی صورتحال سے دور رکھنے کی چالبازی میں مصروف ہے، ادھر بھارتی وزیردفاع راج ناتھ نے ایٹمی ہتھیار کے پہلے استعمال کی دھمکی دی اور اب یہ دھونس دے رہا ہے کہ پاکستان سے صرف آزاد کشمیر پر مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
راج ناتھ نے توسیع پسندی کا نیا کارڈ استعمال کرتے ہوئے یہ منطق پیش کی کی کہ پاکستان نے عالمی دروازے پر دستک دی ہے اس لیے بھارت عالمی قوتوں کو معاملہ میں الجھانا نہیں چاہتا، راج ناتھ نے یہ مضحکہ خیز دعویٰ بھی کیا کہ آرٹیکل370 کا خاتمہ کشمیر میں ترقی کے ساتھ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا۔
بھارت شدید دباؤ میں ہے اس لیے یہ خطرہ خارج از امکان نہیں کہ مودی ہلاکت خیز فاؤل پلے کا کوئی راستہ تلاش کررہا ہے، نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت آسام میں مسلمانوں کیلیے حراستی کیمپ بنارہی ہے، اخبار کے مطابق پیدائشی مسلمانوں جن میں سابق فوجی بھی شامل ہیں کو غیر ملکی قرار دیکر شہریت سے بے دخل کردیا جائے گا۔واشنگٹن پوسٹ نے کشمیر کی صورتحال کو مسلم کش اقدام کہا ہے۔
عمران خان نے مودی توا کی معروضی اوردرست تشخٰص کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کے غنڈوں کا نفرت اور نسل کشی کا ڈاکٹرائن عروج پر ہے، عالمی برادری ایکشن نہیں لے گی تو آر ایس ایس ڈاکٹرائن پھیلے گا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت پرفاشسٹ ہندوؤں نے جرمن نازیوں کی طرح قبضہ کرلیا ہے، بھارت فاشسٹ ہندو بالادست نظریے اورقیادت کے قبضے میں ہے۔ اس نظریے سے 90 لاکھ کشمیری2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں، کشمیریوں کے محاصرے نے پوری دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔
یواین مبصرین کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جانا چاہیے، یہ خطرہ پاکستان تک بڑھ رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کو بھی اس خطرے کا سامنا ہے، دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بدترین صورتحال کی عکاسی کرتا ہے جس میں بھارت گھر چکا ہے اوراپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو خطرات سے دوچارکرنا چاہتا ہے، بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیرکے مکینوں کا گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بلاجواز محاصرہ بھی انتہائی قابل مذمت ہے۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا بین الاقوامی میڈیا اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق اس محاصرے کی مزید طوالت بہت بڑا انسانی المیہ ہوگا۔ دنیا، بالخصوص اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے اس غیرمستحکم صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جہاں تک مقبوضہ جموں وکشمیر کی متنازع حیثیت کا تعلق ہے تو پاکستان، بین الاقوامی قوانین اوراقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے موقف پربدستورقائم ہے اورسیکیورٹی کونسل کی قراردادوںکی روشنی میں اس مسئلے کے حل کا متقاضی ہے۔ گدی نشین خادم اجمیر شریف سید سردار چشتی بھی کشمیری عوام کی مظلومیت پر چیخ پڑے ،انھوں نے بھارتی مسلمانوں کو درپیش وجودی خطرہ سے خبردار کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ جاگیں اور حقوق کی جنگ لڑیں۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے، بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مودی نے بھارت کے وفاقی ڈھانچہ پر ضرب لگا دی ہے،اب نئے مرکزی خطوں، جموں وکشمیر اور لداخ پر دہلی سے براہ راست حکومت ہوگی۔وقت آگیا ہے کہ عالمی قوتیں مودی کو جارحیت اور ایٹمی مہم جوئی سے روکیں ، کشمیر میں کرفیو اٹھانے اور مظلوم کشمیریوں کو عالمی قوانین کے مطابق ہنگامی ریلیف دلوائیں ، ورنہ مودی کا کوئی بھی مس ایڈونچر بھارت کی تباہی پر منتج ہوگا۔
The post بھارتی ایٹمی ہتھیار سنگین خطرہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2HeWPB2
via IFTTT


0 Comments