الیکشن کمیشن نے این اے 205 گھوٹکی کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے سردار محمدبخش خان مہر 89 ہزار359 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے، 9 امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ لیا ،آزاد امیدوار احمد علی خان مہر 70ہزار 848 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے، ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 48.20 فیصد رہی۔
اس انتخابی حلقے کے نتائج پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہوئی تھیں کیونکہ یہاں اصل مقابلہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کے درمیان تھا۔ یہ معرکہ انتہائی سخت مقابلے کے بعد پیپلزپارٹی جیتنے میں کامیاب ہوئی۔انتخابی عمل جمہوریت کا حسن ہے،اس کے ذریعے ووٹرز اپنے پسندیدہ نمایندے کو چنتے ہیں، جوکہ ان کے حقوق کے لیے صوبائی یا قومی اسمبلی میں آواز بلند کرتا ہے۔
سیاسی جماعتیں اورآزاد امیدوار میدان میں اترتے ہیں اورعوام کو جمہوری عمل میں شرکت اورشمولیت پر راضی کرتے ہیں یہ اصل جمہوریت ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی جیالوں کے جشن میں شریک ہونے کے لیے گھوٹکی پہنچے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حلقے کے عوام نے مل کر پیغام دیا ہے کہ ’’نیا پاکستان نہ کھپے‘‘ دوسری جانب تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام عائدکیا ہے۔
بہرحال الزامات سے قطع نظراس بات کی اہمیت زیادہ ہے کہ عوام نے انتخابی عمل میں بھرپورطریقے سے حصہ لیا، حالانکہ عمومی رویہ یہ ہوتا ہے کہ عوام ضمنی انتخاب میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے، ووٹ ڈالنے کی شرح بھی انتہائی اطمینان بخش رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو جیت مبارک ہوں، پارٹی کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی کو اب اپنی تمام توجہ حلقے کے مسائل بلاامتیاز حل کرنے پر مرکوز رکھنی چاہیے ۔
The post گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کی جیت appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Okb6T6
via IFTTT
0 Comments